ہم ایمان رکھتے ہیں کہ یسوع مسیح ابد تک "خداوند کی قسم کے مطابق"(زبور 4:110) ملکِ صدق کے طور پر سردار کاہن ہے، جس نے ہماری خاطر اپنے آپ کو خدا باپ کے حضور پیش کیا، تاکہ لکڑی کی صلیپ پر اپنی کامل قربانی کے ذریعے ہمارے گناہوں کی گندگی کو اپنے پاک خون سے صاف کر کے خدا باپ کے غضب کو مکمل طور پر ٹھنڈا کرے، جیسا کہ نبیوں نے پیشگوئی کی، اور (یسعیاہ 4:53–12) لکھا ہے کہ " وہ سزا جس نے ہمیں کامل بنایا" خدا کے بیٹے پر ڈالی گئی " تاکہ اُس کے مار کھانے سے ہم شفا پائیں" وہ اُس " برّہ کی مانند تھا جِسے ذبح کرنے کےلیے لے جاتے ہیں" اُس کا " شمار بدکاروں میں کیا گیا" اگرچہ پُنطیُس پیلاطُس نے اُسے بےگناہ قرار دیا، پھر بھی اُسے مجرم ٹھہرا کر سزا دی۔
پس جو اُس نے چِھینا نہیں اُسے دینا پڑا، (زبور 4:69) اور اُس راستباز نے ناراستوں کے لیے اپنے جسم اور روح میں دُکھ اُٹھایا، اور ہمارے گناہوں کی ہولناک سزا کو یہاں تک محسوس کیا کہ اُس کا پسِینہ گویا خُون کی بڑی بڑی بُوندیں ہو کر زمِین پر ٹپکنے لگا۔(لوقا 44:22) وہ پکاراُٹھا کہ "اَے میرے خدا اَے میرے خدا، تُو نے مجھے کیوں چھوڑ دیا؟"(متی 46:27)
اُس نے یہ سب کچھ ہمارے گناہوں کی معافی کی خاطر برداشت کیا۔ لہذا ہم پورے حق سے پولُس رسول کے ساتھ مل کر کہتے ہیں کہ " ہم یِسُوعؔ مسِیح یعنی مسِیحِ مصلُوب کے سِوا اَور کُچھ نہیں جانتے"۔ (1 کرنتھیوں 2:2) اور ہم " اپنے خداوند یِسُوعؔ مسِیح کی پہچان کی انمول خوبی کے آگے سب چیزوں کو نقصان اور کوڑا سمجھتے ہیں"۔(فلپیوں 8:3)
اُس نے ہمیں اپنے زخموں میں مکمل تسلی اور اطمینان بخشا اور اب ہمیں خدا سے ملاپ کرنے کے لئے کسی اور قربانی کی ضرورت یا تلاش نہیں سوائے مسِیح کی اُس ایک ہی بار کی کامل قربانی کے جو تمام ایمانداروں کو ہمیشہ کے لئے کامل بناتی ہے۔اسی لیے خدا کے فرشتہ نے اُسے یسوع کہا یعنی “ منجی (نجات دہندہ)” کیونکہ وہ اپنے لوگوں کو اُن کے گناہوں سے نجات دے گا۔ (متی 21:1).
-بیلجک اقرارِ ایمان
مضمون 21