Donate
ARTICLE(URDU)

Kiya Bible Purgatory ki taleem seekhati hai ?

Author
AUTHOR

پرگٹری (Purgatory) یا جیسے رومن کیتھولک چرچ اکثر مقامِ کفارہ بھی کہتی ہے،  یہ عقیدہ سکھاتا ہے کہ مسیحی ایمانداروں کا جنت میں جانے سے پہلے مرنے کے بعد تکلیف اور پاکیزگی کے عمل سے گزرنا ضروری ہے۔ اگرچہ یہ خیال بظاہر مذہبی لحاظ سےسنجیدہ لگ سکتا ہے، لیکن بائبل ظاہر کرتی ہے کہ یہ تعلیم غیر بائبلی، غیر ضروری اور آخرکار یسوع مسیح کے مکمل کفارہ کے کام کی بے حرمتی ہے۔

سب سے پہلے،  پرگٹری (Purgatory) یعنی مقامِ کفارہ کے عقیدہ پر ایمان رکھنا،  یسوع مسیح کے کامل کفارہ کی مکمل حیثیت کو رد کرنا ہے۔ بائبل واضح طور پر سکھاتی ہے کہ مسیح نے اپنے لوگوں کے تمام گناہوں یعنی ماضی، حال اور مستقبل  کی مکمل ادائیگی کردی ہے۔ ’’اُس کے بیٹے یِسُوعؔ کا خُون ہمیں تمام گُناہ سے پاک کرتا ہے۔‘‘ (1 یوحنا 7:1) ’’کیونکہ اُس نے ایک ہی قُربانی چڑھانے سے اُن کو ہمیشہ کے لِئے کامِل کر دِیا ہے جو پاک کِئے جاتے ہیں۔‘‘(عبرانیوں 14:10) اگر ایماندار  پہلے ہی مسیح کی ایک ہی بار کی قربانی کے ذریعہ “ہمیشہ کے لیے کامل” ہو چکا ہے تو کسی اضافی پاکیزگی کی کوئی ضرورت نہیں رہتی۔ رومن کیتھولک چرچ  کی طرف سے  یہ تعلیم دینا کہ مرنے کے بعد تکلیف یعنی مقامِ کفارہ سے گزرے بغیر گناہ معاف نہیں ہو سکتے، یہ ظاہر کرتا ہے کہ اُنکے لیے مسیح کا صلیبی کفارہ  کافی نہیں ہے، اُن کا یہ عقیدہ انجیل کے اصل  پیغام کے بالکل خلاف تعلیم دیتا ہے۔

 

دوسرا، یہ   پرگٹری (Purgatory) یعنی مقامِ کفارہ کی تعلیم  بائبل کی اُس تعلیم کی مخالفت کرتی ہے  جو یہ سکھاتی ہے کہ ایماندار مرنے کے فوراً بعد مسیح کی موجودگی میں جاتے ہیں۔ پولوس رسول فرماتا ہے کہ  ’’جسم کے وطن  سے جدا… خُداوند کے وطن میں حاضر‘‘ (2 کرنتھیوں 8:5) یسوع مسیح نے صلیب پر( پچھتانے والے) ڈاکو سے وعدہ کیا کہ ’’ مَیں تُجھ سے سچ کہتا ہُوں کہ آج ہی تُو میرے ساتھ فِردَوس میں ہو گا۔‘‘  (لوقا 43:23) بائبل کسی عارضی مقام پرگٹری (Purgatory)  یا تکلیف کی جگہ کی کہی کوئی تعلیم نہیں دیتی۔ ایماندار مرنے کے بعد مقامِ کفارہ (Purgatory) میں نجات کے انتظار میں نہیں رہتے، بلکہ فضل کے ذریعہ مسیح کی موجودگی میں جاتے ہیں۔

 

تیسرا، یہ  تعلیم  صرف ایمان کے ذریعہ سے راستبازی (Justification by faith alone) کی بائبلی تعلیم  کی مخالفت کرتی ہے۔ بائبل سکھاتی ہے کہ صرف ایمان کے ذریعہ انسان راستباز ٹھہرایا جاتا ہے۔ ’’ پس اب جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہیں اُن پر سزا کا حُکم نہیں۔‘‘ (رومیوں 1:8) اگر کوئی سزا کا حُکم نہیں، تو  راستباز ٹھہرائے جانے کے بعد، مقامِ کفارہ (Purgatory) میں سزا بھی ممکن نہیں۔ یہ نظریہ انسانی تکلیف کو مسیح کے مکمل کام میں شامل کرتا ہے، اور وہ کام جو مسیح نے ایک ہی  بار  کی قربانی میں مکمل کیا، اسے انسانی کوشش سے پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ پولوس سختی سے اس تعلیم کے خلاف خبردار کرتا ہے جب وہ کہتا ہے کہ ’’ کیا تُم اَیسے نادان ہو کہ رُوح کے طَور پر شرُوع کر کے اب جِسم کے طَور پر کام پُورا کرنا چاہتے ہو؟ ‘‘ (گلتیوں 3:3)

 

چوتھا، پرگٹری (Purgatory) کا نظریہ بائبل کی تعلیمات پر نہیں  بلکہ اس کی بنیاد رومن کیتھلک چرچ کی غلط تشریحات، اُن کے  لالچ اور دھوکے بازی پر مبنی ہے، جیسے 1 کرنتھیوں 15:3 کی وہ غلط تشریح کرتے ہیں، جو اعمال کی جانچ کے بارے میں ہے نہ کہ روحوں کی مقامِ کفارہ (Purgatory) میں قید  کے بارے میں۔ رومن کیتھولک چرچ کا (اپوکریفل (apocryphal)) غیر الہامی کتابوں اور روایات پر انحصار، بائبلی ( Scripture alone )  تعلیمات کے بالکل مخالف ہے، یعنی صرف بائبل مقدس کوسب سے اعلیٰ ااختیار حاصل ہے نہ کہ کسی بھی اور کلیسیائی روایات یا تعلیم کو ۔ بائبل کہیں بھی یہ نہیں کہتی کہ ایماندار مرنے کے بعد گناہوں سے نجات کے لیے کسی مقامِ کفارہ (Purgatory) میں سے گزرے۔ بلکہ یسوع مسیح نے فرمایا ہے کہ ’’ تمام ہُؤا‘‘ (یوحنا 30:19)

 

مزید،  مقامِ کفارہ (Purgatory)  کا نظریہ نہ صرف غیر بائبلی ہے بلکہ روحانی طور پر خطرناک بھی ہے۔ یہ ایمان کو مسیح کے کامل کفارے سے ہٹا کر انسانی تکلیف، خوف اور روایتی طریقوں پر منتقل کرتا ہے۔ پولوس اس سے سختی سے خبردار کرتا ہے جب وہ کہتا ہے کہ  ’’ اگر ہم یا آسمان کا کوئی فرِشتہ بھی اُس خُوشخبری کے سِوا جو ہم نے تُمہیں سُنائی کوئی اَور خُوشخبری تُمہیں سُنائے تو ملعُون ہو۔‘‘  (گلتیوں 8:1)

مقامِ کفارہ (Purgatory) ایک ایسی “دوسری انجیل” ہے، جو نجات صرف مسیح کی طرف سے مکمل ہونے کی بجائے انسانی تکلیف پر مبنی پیش کرتی ہے۔ سچائی یہ ہے کہ مسیح مکمل اور کامل نجات دہندہ ہے۔ اُس کا خون ہمیں پوری طرح سے نجات بخشتا ہے۔ اُس کی راستبازی کافی ہے۔ جب کوئی ایماندار مر تا ہے تو انکھ جھپکتے ہی وہ فوراً مسیح  کے پاس اُس کی حضوری میں پہنچ جاتا ہے۔ اس نجات کے بارے میں بائبل یہ سکھاتی ہے کہ’’ تُم کو اِیمان کے وسِیلہ سے فضل ہی سے نجات مِلی ہے اور یہ تُمہاری طرف سے نہیں۔ خُدا کی بخشِش ہے۔اور نہ اَعمال کے سبب سے ہے تاکہ کوئی فخر نہ کرے۔‘‘ (افسیوں 8:2-9)

اس لیے مقامِ کفارہ (Purgatory)  کا نظریہ نہ صرف جھوٹا ہے بلکہ مسیح کی عظمت کے بھی خلاف ہے اور اُن لوگوں کی روحوں کو خطرے میں ڈال دیتا ہے جو اس پر بھروسہ کرتے ہیں۔